ملتان 20 فروری )اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے ماہِ رمضان المبارک میں گراں فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو ضلع بھر میں متحرک رہیں گی۔
ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اہم اجلاس میں پرائس کنٹرول، تجاوزات آپریشن، نگہبان دسترخوان اور راشن کارڈ تقسیم سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور بڑے منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے فیلڈ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر کارروائی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور کسی کو بھی مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گراں فروشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں 102 مقامات پر سستے آٹے کے پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ تمام تحصیلوں میں 8 مقامات پر نگہبان دسترخوان مکمل طور پر فعال ہیں تاکہ مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوامی سہولت کے تمام اقدامات کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔











