وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے وفاقی وزراء کی ملاقات

14

اسلام آباد، 21 فروری( اے پی پی): وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے مسلم لیگ   قائد اعظم   کے چوہدری سالک حسین،  ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی اور  بلوچستان عوامی پارٹی  کے خالد مگسی نے  ملاقات کی ہے، ملاقات  میں ملک کی مجموعی صورتحال، داخلی سلامتی اور موجودہ سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎ملاقات میں ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز خصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شرکاء کو قیامِ امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جاری کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

‎وفاقی وزراء نے قیام امن کے لیے سیکیورٹی اداروں کی دلیرانہ کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعتیں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔

‎ملاقات کے اختتام پر تینوں جماعتوں نے دوٹوک اعلان کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے وہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور رہیں گی۔