وزیراعظم آزادجموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا 10 مارچ سے 5G سروسز کے آغاز کا اعلان

30

اسلام آباد ،23فروری(اے پی پی):وزیراعظم آزادجموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے 10 مارچ سے 5G سروسز کے آغاز کا اعلان کرتے ہوۓ کہا ہے کہ 5 G سروسز ریاست کے لئے تاریخی سنگِ میل ہیں،تیز رفتار انٹرنیٹ سے تعلیم، ای ہیلتھ، ای گورننس اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا۔نوجوانوں کیلئے آئی ٹی اور فری لانسنگ کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ریاست کے ہر شہر اور گاؤں کو ڈیجیٹل ترقی میں شامل کیا جائے گا، دور دراز علاقوں تک تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنائیں گے،5G صرف رفتار نہیں بلکہ ترقی اور روزگار کی رفتار ہے، پاکستان میں آغاز کے ساتھ ہی آزادکشمیر کو 5G سہولت مل رہی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حکومت نے ٹیلی کام سیکٹر کیلئے رائٹ آف وے چارجز ختم کر دیئے،ٹیلی کام آپریٹرز کیلئے ون ونڈو سہولت فراہم، مسابقتی ماحول پیدا ہوگا، چیف سیکرٹری خوشحال خان اور سیکرٹری آئی ٹی راشد حنیف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ،تمام اسٹیک ہولڈرز اور اداروں کے تعاون پر ان کے مشکور ہیں ،انھوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کا  تعاون پر شکریہ ادا کیا۔