رمضان المبارک میں عوامی خدمت اور فلاحی اقدامات حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہیں، سلمہ بٹ

11

فیصل آباد،24 فروری(اے پی پی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی معاونِ خصوصی سلمہ بٹ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوامی خدمت اور فلاحی اقدامات حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہیں۔

 انہوں نے یہ بات سوساں روڈ پر قائم نگہبان رمضان دسترخوان کے دورے کے موقع پر کہی جہاں انہوں نے روزہ داروں کے ہمراہ افطاری کی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ معاونِ خصوصی اور ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے ملاقات کی اور دسترخوان پر فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں مخیر حضرات کے تعاون سے 62 رمضان دسترخوان قائم کیے گئے ہیں جہاں روزانہ 25 ہزار سے زائد مستحق، مزدور اور مسافر افراد باعزت طور پر افطار کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات کے باہمی تعاون سے نگہبان پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور مستحق افراد کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔