اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رابعہ نسیم فاروقی نے اسلام آباد میں واقع دانش سکول کُری روڈ کا دورہ کیا جہاں پراجیکٹ ٹیم اور سکول انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا اور ادارے کی سہولیات و تعلیمی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران انہیں وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے تحت زیرِ تعمیر تمام دانش سکولوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
پارلیمانی سیکرٹری نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) اور وزارتِ وفاقی تعلیم کی جانب سے منصوبے کی بروقت تکمیل اور معیاری تعلیمی ڈھانچے کی فراہمی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زیر التوا امور سے بچنے کے لئے عملہ ہر معاملے میں براہِ راست رابطہ رکھ سکتا ہے۔رابعہ نسیم فاروقی نے اکیڈمک بلاک کا بھی معائنہ کیا اور عمارت کے کشادہ اور ہوادار ڈیزائن کو سراہا۔ بعد ازاں انہوں نے طالبات کے ہاسٹل بلاک کا دورہ کیا اور اسے بچوں کے لئے موزوں اور معیاری سہولت قرار دیا۔دورے کے اختتام سے قبل آڈیٹوریم بلاک اور مسجد بلاک کا بھی جائزہ لیا گیا جہاں جاری کام کی بروقت تکمیل پر عملے کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ دانش سکول پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور حکومت ملک بھر میں جامع اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔











