ملتان ، 25فروری (اے پی پی ):ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن نظام کو مؤثر بنانے کے لیے باقاعدہ آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ستھرا پنجاب ٹیموں کے ہمراہ آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی واک چوک گھنٹہ گھر سے حسین آگاہی بازار تک نکالی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی، ڈویژنل مینجر آپریشنز انوار الحق، ستھرا پنجاب مینجر آپریشنز رانا نثار اور زون ون کے ورکرز نے شرکت کی۔واک کے شرکاء نے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر گھروں سے کوڑا کرکٹ باہر پھینکنے کے بجائے ویسٹ ورکرز کے حوالے کرنے کی تلقین درج تھی۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اس موقع پر کہا کہ شہری صفائی مہم میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ستھرا پنجاب ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔
سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے کہا کہ شہری گھروں سے باہر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں اور ڈور ٹو ڈور کلیکشن سسٹم سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہِ رمضان المبارک کے دوران معمول کی ویسٹ کلیکشن کے ساتھ ساتھ عبادت گاہوں اور مساجد میں خصوصی صفائی آپریشن بھی جاری ہے تاکہ نمازیوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن نظام کا حصہ بنیں اور شہر کو مثالی بنانے میں کردار ادا کریں۔











