سنچورین، 26 فروری ( اے پی پی): پاکستانی ویمن بیٹر عائشہ ظفر نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان ویمن ٹیم کو 16 رنز سے شکست ہوئی جیت کے اس قدر قریب پہنچ کر ناکامی کا شدید دکھ ہوا جبکہ آخری 10 اوورز میں لوز بالنگ اور زیادہ رنز دینا شکست کی بڑی وجہ بنی۔
عائشہ ظفر نے اعتراف کیا کہ اگر وہ کریز پر مزید 5 اوورز ٹھہر جاتیں تو نتیجہ پاکستان کے حق میں ہوتا، کیونکہ ان کے آؤٹ ہوتے ہی یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے سے ٹیم دباؤ میں آگئی۔
دو سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والی عائشہ نے بتایا کہ وہ اب بالر کے بجائے صرف گیند پر توجہ دے کر بڑے رنز بنانے کے مائنڈ سیٹ کے ساتھ آئی ہیں اور وہاب ریاض کی نگرانی میں ٹیم اب ‘ایگریسو کرکٹ’ کو اپنا مستقل برانڈ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم مارچ کو ڈربن میں ہونے والے آخری ون ڈے میں کامیابی حاصل کر کے سیریز کا اختتام مثبت انداز میں کریں گی۔
ویمنز کرکٹ ٹیم نے 345 رنز بنا کر اپنا اب تک کا بلند ترین مجموعی سکور کیا، ہائی سکورنگ میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 361 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی بیٹرز عائشہ ظفر 75، صدف شمس 61 اور کپتان فاطمہ ثنا 52 نے نصف سنچریاں سکور کیں، جنوبی افریقہ کو تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہو گئی ہے۔











