لاہور، 26 فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے ہمسایہ ملک کی جانب سے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں صوبے بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے چینی باشندوں، سکھ یاتریوں اور دیگر غیر ملکی سیاحوں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، حساس مقامات، اہم تنصیبات اور مارکیٹوں کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے بین الصوبائی سرحدی چوکیوں اور مذہبی مقامات پر تعینات اہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی افسران سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور دیگر انٹیلی جنس اداروں سے مشاورت کے ذریعے سکیورٹی اقدامات یقینی بنائیں۔ دہشتگردی کی حالیہ کارروائیوں میں ڈرونز کے استعمال کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت عائد حکومتی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
سپروائزری افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ چیکنگ پوائنٹس اور اہم مقامات پر تعینات اہلکاروں کو سکیورٹی تھریٹ کے حوالے سے بریفنگ دیں۔ سہولت بازاروں اور مارکیٹوں میں خواتین کی حفاظت کے لیے تعینات لیڈی پولیس اہلکاروں کو بھی چوکس رہنے کی تاکید کی گئی۔
آئی جی پنجاب نے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر مشکوک گاڑیوں، رکشوں اور لوڈرز پر کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا اور انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ دیگر شہروں سے آنے والے مسافروں اور ہوٹلز میں قیام پذیر مہمانوں کی چیکنگ اور شناخت کو بھی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی ٹریفک، اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی ڈویلپمنٹ سمیت سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔











