وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سیالکوٹ آمد، وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی ارمغان سبحانی کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

14

سیالکوٹ۔27 فروری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیالکوٹ کے گاؤں وریو میں وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی ارمغان سبحانی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی طارق سبحانی کی چچی کے انتقال پر بھی تعزیت کی۔

وزیراعلیٰ نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان کو دلاسا دیتے ہوئے کہا کہ ماں کے پرنور سایہ سے محرومی ایک بڑے سانحہ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں کے رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں اور اس کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ، وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔