اسلام آباد ، 27 فروری ( اے پی پی): چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال اور سیکورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد، سی ڈی اے و ضلعی انتظامیہ سمیت اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔
اس موقع پر چیف کمشنر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آمد و رفت اور نقل و حرکت کو مانیٹر کرنے کیلئے جدید میکنزم تیار کیا جائے۔ڈپلومیٹک انکلیو، ریڈ زون سمیت شہر بھر کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔
اجلاس میں آ ئی جی اسلام آباد نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کے روک تھام کیلئے کئے گئے انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور اسکو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس دن رات مصروف عمل ہے، شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے متعلقہ شعبے بھر پور معاونت کر رہے ہیں۔
سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں ویجیلنس کو بڑھا کر مانیٹرنگ کو مزید بہتر کیا گیا ہے، اسی طرح شہر میں پولیس پٹرولنگ کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ تمام اہم مقامات، عبادت گاہوں، مساجد اور اہم عمارات کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے، دارالحکومت اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی مرکزی شاہراہوں، مراکز اور رہائشی سیکٹرز کی نگرانی کا میکنزم بنایا گیا ہے۔ایم-ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موٹر سائیکلوں پر ایم-ٹیگ لگانے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے، شہریوں کی سہولت کیلئے موٹر سائیکلوں پر ایم-ٹیگ لگانے کیلئے مزید مقامات پر ایم۔ٹیگ سینٹرز قائم کئے جارہے ہیں، دہشتگردی کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بروقت کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں، ڈور ٹو ڈور سروے شہری علاقوں میں مکمل کرلیا گیا ہے، دیہی علاقوں کا ڈور ٹو ڈور سروے جلد ہی مکمل کرلیا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ
مشکوک سرگرمیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھنا اور انکی مکمل تفصیلات کا ڈیٹا مرتب کیا جائیگا۔











