ملتان،28 فروری (اے پی پی ):سماجی تنظیم اور ڈرگ ریہیبلیٹیشن سنٹر سوشل ویلفیئر ملتان کے زیر اہتمام میں ایک روزہ آگاہی سیشن اور پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا عنوان ’’منشیات کی بیماری اور زندگی کو لاحق خطرات‘‘ تھا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ملتان جعفر بخاری جبکہ مہمانِ اعزاز اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈی آر سی ملتان میڈم سمیرا ستار تھیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر محمود گروپ خواجہ عبدالحق، ڈائریکٹر انلائٹنڈ ورلڈ میڈم ماوش عبدالحق، ماہر نفسیات مس عظمیٰ امین، سائیکالوجسٹ مس جہاں آراء، صدرانر ویل مڈ ٹاؤن 343 ملتان مس حنا چغتائی، پبلک ریلیشن آفیسر سوشل ویلفیئر ملتان ڈویژن محمد نبیل خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔پروگرام کی نظامت نوجوان موٹیویشنل اسپیکر محمد موسیٰ مسعود خواجہ نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات نہ صرف فرد بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کو متاثر کرتی ہیں، اس لیے ہمیں اجتماعی سطح پر اس ناسور کے خلاف کردار ادا کرنا ہوگا۔پینل ڈسکشن کے دوران شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مقررین نے منشیات کے نقصانات، علاج اور بحالی کے مراحل پر تفصیلی روشنی ڈالی اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے پر زور دیا۔تقریب میں محکمہ سوشل ویلفیئر سے رجسٹرڈ تنظیم سوشل ویلفیئر سوسائٹی مظفرآباد کے صدر ظفر شاہین کی ٹیم نے نشے کے مضر اثرات پر مبنی ایک سبق آموز ڈرامہ بھی پیش کیا جسے حاضرین نے سراہا۔اختتام پر منتظمین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا











