ملتان 06 مارچ (اے پی پی ):ملتان میں ماہ رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی قیمتوں اور عوامی سہولیات کے حوالے سے ضلعی محکموں کا اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں رمضان کے دوران مارکیٹوں اور منڈیوں میں قیمتوں کے کنٹرول، صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے عیدالفطر کے پیش نظر بھرپور صفائی آپریشن اور گلی محلوں و بازاروں میں صفائی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں منڈیوں سمیت تمام بازاروں میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے موثر پلان تشکیل دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور قیمتوں کی نگرانی مزید سخت کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں روزانہ کی بنیاد پر گراں فروشی پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گراں فروشی ہر صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔











