ملتان: ( 8 مارچ 2026) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے شہر کی اہم شاہراہوں کی بحالی کے دو ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سی او میونسپل کارپوریشن اقبال خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ چلڈرن کمپلیکس تا کلمہ چوک سڑک کی وال ٹو وال فل کارپٹنگ 38 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے جبکہ گھنٹہ گھر سے نواں شہر تک سڑک کو بھی 56 ملین روپے کی لاگت سے فل کارپٹ کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سڑکوں کی کارپٹنگ کے ساتھ لائن مارکنگ اور دیگر ضروری کام بھی مکمل کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کمشنر عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ معیاری سڑکوں کی تعمیر سے شہریوں کو آرام دہ سفر کی سہولت میسر آئے گی جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہر کے انفراسٹرکچر میں بہتری اور شہری زندگی میں آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے دیرینہ مسائل کا حل اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔











