لاہور، 9 مارچ (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کی ہدایت پر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شہر کی مختلف تحصیلوں میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ریلیوں کی قیادت اسسٹنٹ کمشنرز نے کی جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام نکالی جانے والی ان پروقار ریلیوں کا مقصد دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیاب کارروائیوں کو سراہنا اور وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ شہریوں نے ریلیوں میں شرکت کرتے ہوئے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی پاکستان کا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور پاک فوج کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے اور ملک کا دفاع و سلامتی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑی رہے گی۔











