ماہِ رمضان المبارک کا آخری عشرہ عبادت، بخشش اور اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمتوں کے حصول کا اہم موقع ہے؛ علامہ محمد راغب حسین نعیمی

18

اسلام آباد، 10 اپریل(اے پی پی ):چیئرمین، اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ محمد راغب حسین نعیمی نے کہا کہ  ماہِ رمضان المبارک کا آخری عشرہ عبادت، بخشش اور اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمتوں کے حصول کا اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عشرے میں مسلمان عبادات، دعا اور نیکیوں کے ذریعے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری عشرے میں اعتکاف کی عبادت کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی اس عشرے میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے اور امت کو بھی عبادت اور روحانی اصلاح کی طرف متوجہ کرتے تھے۔ اعتکاف کے ذریعے انسان یکسوئی کے ساتھ عبادت کرتا ہے اور لیلۃ القدر کی تلاش کا موقع حاصل کرتا ہے۔

علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا کہ لیلۃ القدر رمضان المبارک کی بابرکت راتوں میں سے ایک عظیم رات ہے جس کی عبادت کو بہت فضیلت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مبارک رات کی تلاش اور عبادت کے لیے آخری عشرے کی راتوں میں خصوصی اہتمام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر دعا، تلاوتِ قرآن اور دیگر عبادات کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور رحمت طلب کرنا چاہیے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں اور اس بابرکت مہینے کی روحانی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔