ملتان،11مارچ (اے پی پی): سماجی تنظیم ملتان کے زیر اہتمام محکمہ سوشل ویلفیئر کے ادارہ اولڈ ایج ہوم ملتان میں مقیم بے سہارا اور بے گھر بزرگوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا مقصد بزرگ شہریوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا اور ان کی دلجوئی کرنا تھا۔تقریب کے مہمانان خصوصی میں سٹی پولیس آفیسرملتان ڈی آئی جی صادق علی ڈوگر، ڈپٹی سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ،ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان ام فروہ ہمدانی اور معروف سماجی شخصیت میاں نعیم ارشد شامل تھے۔مہمانانِ اعزاز میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان عبدالعزیز خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر و انچارج اولڈ ایج ہوم سمعیہ منیر، معروف مذہبی سکالر و ممبر ضلعی امن کمیٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر عبدالماجد وٹو اور ڈاکٹر حسن پولیس لائن ملتان شامل تھے۔ دیگر شرکاء میں میاں فرحان مجید ایڈووکیٹ،جدہ سعودی عرب سے قاری اکرم عالمگیر،منیر احمد سوشل ورکر اور پبلک ریلیشن آفیسر سوشل ویلفیئر ملتان ڈویژن محمد نبیل خان بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر، ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ، ام فروہ ہمدانی اور میاں نعیم ارشد نے کہا کہ بزرگوں کی خدمت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد ادارے میں مقیم بزرگوں کے حالات کو سمجھنا اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔تقریب کے دوران بزرگ مرد و خواتین میں عید کے تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ مہمانوں کو اپنے درمیان پا کر اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ خوشگوار گفتگو کرتے ہوئے اپنی زندگی کی یادیں تازہ کیں۔تقریب کے اختتام پر انچارج اولڈ ایج ہوم سمعیہ منیر نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔











