یوم شہادت حضرت علیؓ: ملتان ڈویژن میں سکیورٹی ریڈ الرٹ، کمشنر کا لال کرتی جلوس روٹ کا دورہ

17

ملتان، 11 مارچ(اے پی پی):

یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ملتان ڈویژن میں سکیورٹی ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے لال کرتی جلوس کے روٹس کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق اور سی پی او صادق ڈوگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔کمشنر عامر کریم خاں کو انتظامیہ اور پولیس حکام کی جانب سے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حساس جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ ہیں اور عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے بتایا کہ حساس جلوسوں اور مجالس پر اضافی سکیورٹی اور سرویلنس کی جا رہی ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔سی پی او صادق ڈوگر کے مطابق یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر شہر میں 15 مجالس اور 12 جلوس برآمد ہوں گے جبکہ سکیورٹی کے لیے دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔