کلمہ چوک پر سڑک کی توسیع اور دیوار کی تزئین و آرائش مکمل، کمشنر ملتان نے منصوبے کا افتتاح کردیا

21

ملتان،11 مارچ (اے پی پی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور خوبصورتی میں اضافے کیلئے کلمہ چوک پر سڑک کی کشادگی اور دیوار کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ مسلم سکول کلمہ چوک کے سامنے 600 فٹ طویل سڑک کی توسیع اور دیوار کی خوبصورتی کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ٹریفک کے مسلسل بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے سڑک کی چوڑائی 24 فٹ سے بڑھا کر 36 فٹ کردی گئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے مسائل کا جائزہ لینے پر اس مقام پر مستقل ٹریفک بلاک کی صورتحال سامنے آئی تھی، جس کے بعد سروے کے ذریعے مسلم سکول کی دیوار چند فٹ اندر منتقل کرکے سڑک کو کشادہ کیا گیا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔کمشنر کے مطابق منصوبے پر ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے لاگت آئی ہے اور یہ کام ایم ڈی اے کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ دیوار کو خوبصورت بنانے کیلئے آرٹ ورک کے تین ریلیف پینلز اور 19 ایکرلیک پینٹنگ پینلز نصب کیے گئے ہیں جن میں ملتان کی ثقافت، مقامی تہذیب، حکومت پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور پاک فوج کے آپریشنز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد، متعلقہ محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود تھے۔