جدہ ، 12 مارچ، ( اےپی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔
وزیراعظم سعودی عرب میں چند گھنٹے قیام کریں گے اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔
جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر پرنس سعود بن مشعل بن عبد العزیز ، ریاض میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق ، جدہ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے کے درمیان ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہو گی۔
اس دورےسے پاکستان کا سفارتی میدان میں مثبت کردار واضح ہو رہا ہے اور پاکستان یہ کردار ادا کرتا رہے گا۔











