اسلام آباد، 12 مارچ (اے پی پی ): چیئرمین، اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ محمد راغب حسین نعیمی نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت اور روحانی توجہ کو خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے اور اس دوران اعتکاف کے ذریعے لیلۃ القدر کی تلاش کی روایت بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منقول ہے کہ آپ خود بھی رمضان کے آخری عشرے میں عبادت کا خصوصی اہتمام فرماتے تھے اور اپنے اہلِ خانہ کو بھی اس مبارک وقت میں عبادات اور ذکر و دعا کی طرف متوجہ کرتے تھے۔ اس عرصے میں مسلمان عام طور پر عبادت، دعا اور روحانی اصلاح کی کوششوں میں مصروف رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت اور نیکی کے اعمال کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کریں اور اس بابرکت مہینے کی روحانی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی کوشش کریں۔











