اسلام آباد، 17 مارچ (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ انٹیلی جینس بیورو تمام اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا ضروریات کے مطابق مناسب ذخیرہ موجود ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کی پیٹرولیم درآمدات کی سپلائی چین کو بہتر بنانے کے لیے وزیرِ پیٹرولیم مزید متحرک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ تمام صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ہو سکے۔ مزید بتایا گیا کہ تمام کابینہ ارکان نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں نہیں لیں جبکہ سرکاری محکموں میں تیل کی کٹوتی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان اقدامات سے موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے ادویات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔ ورک فرام ہوم کے حوالے سے سرکاری ای افس کی سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی کنیکٹیویٹی کے انتظامات وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔











