ملتان17 مارچ ( اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ نے عیدالفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹ کرایوں کی کڑی مانیٹرنگ کرتے ہوئے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا ہے۔ سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار کی ہدایت پر خصوصی چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے شہر اور گردونواح میں وسیع پیمانے پر کارروائیاں کیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق گزشتہ 16 روز کے دوران 1308 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 204 گاڑیاں اوورچارجنگ میں ملوث پائی گئیں۔ ان گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ 70 گاڑیوں کو تحویل میں بھی لے لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے بتایا کہ اوورچارجنگ پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 73 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ 511 مسافروں کو 54 ہزار 400 روپے اضافی وصول کیا گیا کرایہ واپس دلایا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی من مانی کرایہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مزید برآں ضلع بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی سو فیصد دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔











