لاہور، 17 مارچ ( اے پی پی ): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے سنٹر فار انٹلیکچولی چیلنجڈ چلڈرن لاہور کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈی جی سوشل ویلفیئر نے سینٹر میں مقیم بچوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر کی جانب سے بچوں میں عید کے تحائف بھی تقسیم کیے گئے، جس پر بچے خوشی سے نہال ہو گئے اور انہوں نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہاں ذہنی معذوری کا سامنا کرنے والے بچوں کو سپیچ تھراپی، جسمانی و تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مختلف ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔ڈی جی سوشل ویلفیئر نے سنٹر فار انڈیپینڈنٹ لیونگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری پروگرامز اور خدمات کا معائنہ کیا اور ان کی بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بچوں کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بہتر ماحول میں نشوونما پا سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ایسے ادارے معاشرے کے کمزور طبقات کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔











