میٹرک امتحانات 2026 کے شفاف انعقاد کیلئے سخت انتظامات، ڈسپلن پر زیرو ٹالرنس کا اعلان

13

ملتان،18 مارچ (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت میٹرک کے پہلے سالانہ امتحانات 2026 کے شفاف انعقاد کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے افسران، تعلیمی حکام اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر نے ہدایت کی کہ امتحانی عمل کو سو فیصد شفاف، منظم اور کسی بھی اسکینڈل سے پاک بنایا جائے اور ڈسپلن پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ریزرو سٹاف کی دستیابی یقینی بنانے، ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی اور امتحانی مراکز پر جنریٹرز اور صاف پانی کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔کمشنر نے بورڈ افسران کو تمام امتحانی سنٹرز کے دورے کرنے اور شکایات کیلئے متعلقہ افسران کے نمبر نمایاں آویزاں کرنے کا حکم دیا، جبکہ موبائل کے غیر ضروری استعمال اور غیر پیشہ ورانہ رویے پر پابندی عائد کردی گئی۔ انہوں نے انسپکشن ٹیموں کیلئے الگ ایس او پیز جاری کرنے اور خصوصی شناختی کارڈز فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 27 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور رواں سال ایک لاکھ 34 ہزار 50 امیدوار امتحان میں شرکت کریں گے۔ امتحانات کیلئے 4326 افسران و عملہ تعینات کیا جائے گا جن میں 3328 انویجیلیٹرز، 532 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور 466 سپرنٹنڈنٹس شامل ہیں۔ امتحانات کی شفاف مانیٹرنگ کیلئے اسپیشل، موبائل اور بورڈ انسپکشن اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ و تحصیل سطح پر ٹیمیں بھی فعال ہوں گی۔ مزید برآں 31 حساس مراکز پر بائیومیٹرک حاضری اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، جبکہ سوالیہ پرچوں کی سیکیورٹی کیلئے کیو آر کوڈ اور واٹر مارکنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔