رینالہ خورد میں یومِ پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب، پرچم کشائی کی گئی

18

رینالہ خورد، 23 مارچ (اے پی پی): ڈی پی ایس سکول میں 23 مارچ یومِ پاکستان کے سلسلہ میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں قومی پرچم کشائی کی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد اور ڈی ایس پی سرکل نے مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا جبکہ تقریب میں سول سوسائٹی پولیس صحافیوں ریسکیو 1122 ستھرا پنجاب ٹیم اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں اور طویل جدوجہد کے بعد حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کی بقا اور ترقی کے لیے سوچنا ہوگا اور دشمن عناصر کے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متحد ہو کر دشمنانِ پاکستان کا مقابلہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ 1947 میں ہمارے بزرگوں نے طویل جدوجہد کے بعد پاکستان حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب پر فرض ہے کہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور سب سے پہلے پاکستان کے جذبے کو فروغ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے اتحاد یکجہتی اور قومی سوچ کو اپنانا ناگزیر ہے۔