قصور،23 مارچ(اے پی پی): یومِ پاکستان کے تاریخی موقع پر ڈی سی آفس قصور میں پرچم کشائی اور سلامی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وطنِ عزیز کے لیے تجدیدِ عہد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر قصورمحمد آصف رضا تھے، جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قصور، پولیس کے اعلیٰ حکام اور ریسکیو 1122 کے افسران نے بھی بھرپور شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ دستوں کی شاندار پریڈ اور نظم و ضبط نے حاضرین کے دل جیت لیے۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے 23 مارچ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ دن ہمیں برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ریسکیو 1122 اور پولیس کے افسران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک و قوم کی خدمت اور ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔











