صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ، منصوبے کی پیش رفت اور کارکردگی کا جائزہ

13

سکھر، 24مارچ (اے پی پی):  صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے روہڑی میں سندھ کے پہلے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی پہلوؤں اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے روہڑی-سکھر کے درمیان نئے پل کے مجوزہ منصوبے پر بھی روشنی ڈالی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ روہڑی شہر کے عوام کو صاف        اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ایک اہم اور منفرد منصوبہ جلد شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت شہریوں کو مفت صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی لاگت تقریباً 66 کروڑ روپے ہے اور یہ منصوبہ نہ صرف روہڑی بلکہ ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کے لیے بھی نہایت مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صاف پانی کا منصوبہ ایک ماڈل پراجیکٹ کی حیثیت رکھتا ہے جسے پورے سندھ میں روہڑی سے شروع کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوام تک بنیادی سہولیات، خصوصاً صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے لینس ڈاؤن پل کے متبادل نئے پل کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے سکھر اور روہڑی کے درمیان آمد و رفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ٹیکنیکل ٹیمیں نئے پل کے ڈیزائن اور مقام کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں اور جلد اس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔