ملتان، 24 مارچ (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے عوامی سہولیات کی بہتری کیلئے پیٹرول پمپس پر واش رومز کو 24 گھنٹے صاف اور فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
ان کی زیر صدارت اجلاس میں اہم شاہراہوں پر منتخب پیٹرول پمپس پر ایگزیکٹو واش رومز کے قیام اور عوامی مقامات پر مرحلہ وار نئے واش رومز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ واش رومز میں روشنی، پانی، صفائی اور دیگر سہولیات ہر صورت برقرار رکھی جائیں جبکہ ان کی لوکیشن کیلئے ڈیجیٹل سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔
اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد کا تخمینہ لگا کر ممکنہ قلت سے بچنے کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ کمشنر نے ریونیو امور میں شفافیت یقینی بنانے، کرپشن کے خاتمے اور رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کیلئے ٹائم لائن اور مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کا حکم دیا۔
عامر کریم خاں نے ای بس منصوبے، شہری مسائل کے حل اور دیگر عوامی سہولیات کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔











