ملتان25مارچ(اے پی پی): کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن بھر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع لودھراں میں ڈی سی کمپلیکس کی تعمیر کی سکیم کی منظوری دے دی گئی، جس پر 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں گراونڈ فلور اور باونڈری وال کی تعمیر کی جائے گی جبکہ ڈی سی آفس سمیت دیگر اہم دفاتر کو جدید سہولیات کے ساتھ ایک ہی جگہ منتقل کیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈی سی آفس ملتان کی سکیم کے سکوپ آف ورک کی نظرثانی کی بھی منظوری دی گئی۔ نظرثانی کے تحت نئے بلاک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پرانے ڈی سی آفس کی بحالی، فرنٹ ایلیویشن اور فرنیچر کی بہتری کو بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ تمام اضافی کام 210 ملین روپے کی منظور شدہ لاگت کے اندر ہی مکمل کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران ڈی سی افس ملتان کی سکیم کا بھی جائزہ لیا گیا اور پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، جبکہ منصوبوں کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔











