ملتان،25مارچ(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔ ان کی ہدایت پر شہر بھر کے بازاروں اور مارکیٹس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی سخت چیکنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محمد نعمان صدیق نے واضح ہدایت کی کہ گراں فروشی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مؤثر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔











