اسلام آباد، 27 مارچ ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں چینی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ان کا استقبال کیا۔ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی تعاون، پولیس ایکسچینج پروگرام سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سیکیورٹی مسائل کے حل کیلئے بزنس کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں پاکستان میں موجود چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں سے بات چیت کی جائے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کیلئے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے یہ یونٹ اسلام آباد میں موجود چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائے گا جبکہ اہلکاروں کو تربیت کے دوران چینی زبان بھی سکھائی جائے گی۔











