وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کی زیر صدارت  اجلاس،سیکیورٹی کی بہتری سمیت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

13

اسلام آباد، 27 مارچ ( اے پی پی): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان اور سیکیورٹی کی بہتری سمیت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔

‎اجلاس میں اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی اقدامات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پلاننگ و پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر کے مختلف مقامات پر داخلی دروازوں کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے جبکہ داخلی راستوں کے اطراف حفاظتی باڑ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے سیکیورٹی سے متعلق سول کاموں کی جلد تکمیل آئی سی ٹی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تعاون سے یقینی بنائی جائے۔

بریفنگ کے مطابق شہر میں انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔ کشمیر چوک انڈرپاس منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے جس کا مقصد مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے منصوبے کے ساتھ بیوٹیفکیشن پلان، لینڈ اسکیپنگ، شجرکاری اور فاؤنٹینز کی تنصیب کی ہدایت بھی جاری کی۔

‎اجلاس میں الیونتھ ایونیو منصوبے پر بھی غور کیا گیا جو ایران ایونیو کو سرینگر ہائی وے اور آئی جے پی روڈ سے منسلک کرے گا اور مستقبل میں اہم ٹریفک کوریڈور بنے گا۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر سروس روڈ ایسٹ منصوبے کے تحت تقریباً 9.5 کلومیٹر سڑک فیض آباد سے گلبرگ تک تعمیر کی جا رہی ہے۔

‎مزید برآں مارگلہ ایونیو کو موٹروے ایم-1 سے ملانے کے منصوبے پر بھی پیشرفت جاری ہے، جس کے تحت 2.7 کلومیٹر طویل لنک روڈ تعمیر ہوگی۔ اس منصوبے کیلئے کنٹریکٹرز کی موبلائزیشن جاری ہے اور جلد عملی کام شروع کیا جائے گا۔‎اتاترک ایونیو منصوبہ بھی سی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے جس کے ذریعے آغا خان روڈ اور جناح ایونیو کو جدید انداز میں منسلک کیا جا رہا ہے، جبکہ اس میں سائیکل ٹریکس کی تعمیر بھی شامل ہے۔

‎سیکرٹری داخلہ نے تمام منصوبوں کیلئے پاک-ای پی اے سے ماحولیاتی اسسمنٹ اسٹڈی لازمی قرار دینے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے گا اور اسلام آباد کو ایک جدید اور عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔