لاہور:27 مارچ (اے پی پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق لاہور میں ایک شاندار پھولوں کی نمائش کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ایم ڈی راجہ منصور احمد کی زیر نگرانی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر وقار رحمان کی قیادت میں باغبانوں کی انتھک محنت کے نتیجے میں لاہور کینال کے ساتھ سجی ہوئی یہ نمائش شہر کے حسن میں مزید اضافہ کرے گی اور شہریوں کو قدرتی خوبصورتی کا نظارہ پیش کرے گی۔
پی ایچ اے کی ٹیمیں تھوکر نیاز بیگ کے قریب واقع پھولوں کے بیڈ پر مصروف عمل ہیں، جہاں ماہرینِ ہارٹیکلچر اور تجربہ کار باغبان ساڑھے 5 کنال سے زائد رقبے کو مختلف اقسام کے پھولوں سے سجانے میں مصروف ہیں۔ نمائش میں 35 مختلف اقسام کے پھول پیش کیے جائیں گے، اور تقریباً 5 ہزار گملوں کو سجانے کا عمل جاری ہے۔شہری ایک ہی جگہ لاکھوں کھلتے ہوئے پھول دیکھ سکیں گے، اور فلاور بیڈ پر کھلے خوبصورت پھول قدرتی حسن کا حسین منظر پیش کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ، خوبصورت سیٹنگ ایریا بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ شہری آرام اور تفریح کے ساتھ پھولوں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں۔
ایم ڈی پی ایچ اے لاہور راجہ منصور احمد نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہر کے مناظر کو بہتر بنائے گا بلکہ شہریوں کے لیے تفریحی اور دلکش ماحول فراہم کرے گا۔











