اسلام آباد،28مارچ (اے پی پی):سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آج کا دن نئے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹروں کے لیے نہایت اہم اور قابلِ فخر ہے کیونکہ یہ کامیابی ان کی ذاتی محنت، والدین کی قربانیوں اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کے چوتھے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے والدین نے انہیں اس مقام تک پہنچانے کے لیے بے شمار مشکلات برداشت کیں اور آج ان کی یہ کامیابی دراصل ان تمام کوششوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ طب کا شعبہ نہایت باعزت اور ذمہ دار پیشہ ہے، جس کے لیے اللہ تعالیٰ نے آپ کو منتخب کیا ہے۔
انہوں نے فارغ التحصیل ڈاکٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا ڈاکٹر صرف بیماری کا علاج نہیں کرتا بلکہ دکھی انسانیت کے چہروں پر مسکراہٹ لاتا ہے، مریضوں کو حوصلہ دیتا ہے اور انہیں امید فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹروں کو چاہیے کہ وہ اپنے پیشے میں ہمدردی، خلوص اور جذبہ خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا ایک ممتاز طبی تعلیمی ادارہ ہے جو صحت کے شعبے میں اہم خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس یونیورسٹی کا قیام 2011 میں عمل میں آیا جبکہ 2014 میں اس نے باقاعدہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے کے قیام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی خصوصی دلچسپی اور رہنمائی شامل رہی، جن کی خواہش تھی کہ ملک میں طبی تعلیم کو فروغ دیا جائے اور نئی نسل کو بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔
راجہ پرویز اشرف نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے ڈاکٹرز بھرپور لگن، جذبے اور دیانتداری کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کریں گے اور نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک پاکستان کا نام بھی روشن کریں گے۔











