ملتان: 30 مارچ (اے پی پی) :جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی علاج گاہ نشتر ہسپتال تک رسائی بہتر بنانے کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں کمشنر عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال روڈ کو ماڈرن ہیلتھ کوریڈور میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 31 کروڑ روپے سے زائد لاگت کا نشتر روڈ کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ایمرجنسی تک بروقت رسائی یقینی بنانے کیلئے جامع ٹریفک اور موبیلیٹی پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں جدید کارپٹ روڈ، مؤثر ڈرینیج سسٹم، فٹ پاتھ، سٹریٹ لائٹس، سائن ایج، خوبصورت ڈیوائیڈرز اور دیگر سیفٹی فیچرز شامل ہوں گے، جبکہ پیدل چلنے والوں کیلئے محفوظ واک ویز اور برج بیوٹیفکیشن بھی کی جائے گی۔
کمشنر نے مزید کہا کہ نشتر روڈ پر لاہور پارکنگ کمپنی کے تحت کمپیوٹرائزڈ پارکنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا اور نجی پلازہ مالکان کو اپنی پارکنگ مکمل فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ ہزاروں مریضوں اور تیمارداروں کے رش کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکا ہے جس سے ایمبولینسز کو گزرنے میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں اور قیمتی وقت ضائع ہونے کا خدشہ رہتا ہے، جبکہ مریضوں کیلئے ہر لمحہ اہم ہوتا ہے اور تاخیر جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ روڈ کی بحالی سے ایمرجنسی سروسز کی رسائی تیز اور مؤثر بنائی جائے گی اور منصوبے کے معیار اور ٹائم لائن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر رحمان، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد، ایس ای ہائی ویز غلام نبی، سی او میونسپل کارپوریشن اقبال خان سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











