ملتان، 31 مارچ (اے پی پی): کمشنر عامر کریم خاں نے شہر میں بچوں کیلئے محفوظ اور جدید تفریحی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ کرتے ہوئے چاہ بورڈ سکول کے قریب واقع خالی جگہ کو خصوصی پلے ایریا میں تبدیل کرنے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے موقع کا دورہ کرتے ہوئے خستہ حال جھولوں اور غیر فعال کارنر کو فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دیا۔
کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ ٹوٹے جھولوں اور غیر قانونی سامان کو ہٹا کر جدید طرز کا پلے ایریا قائم کیا جائے جہاں بچوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پلے ایریا کے گرد آہنی باڑ لگائی جائے اور سکیورٹی فیچرز بھی یقینی بنائے جائیں۔
عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ کارنر کو خوبصورت پھولوں، دلکش رنگوں اور جدید ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا جائے تاکہ یہ بچوں اور فیملیز کیلئے پرکشش مقام بن سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ علاقہ مکینوں کے بچوں کیلئے ایک محفوظ اور مخصوص تفریحی جگہ کی فراہمی ناگزیر ہے۔
کمشنر نے مزید کہا کہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے، اسی لیے شہر میں مزید فیملی فرینڈلی مقامات کے قیام کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں گے۔
اس موقع پر سی او میونسپل کارپوریشن بھی ان کے ہمراہ تھے۔











