ملتان پبلک سکول میں بڑے تعلیمی اصلاحات کا آغاز، معیار بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی نافذ

15

ملتان، 31مارچ (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان پبلک سکول (ایم پی ایس) کی بہتری اور تعلیمی معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اصلاحات کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران سکول میں جاری ٹیچر ٹریننگ پروگرامز، نصاب میں بہتری اور جدید تدریسی طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔ چغتائی لرنرز کی جانب سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ایم پی ایس میں واضح اور دیرپا تبدیلیاں لائی جائیں، جہاں صرف امتحانی نتائج ہی نہیں بلکہ طلباء کے رویوں، کمیونیکیشن اسکلز اور مجموعی شخصیت سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے طلباء کی رہنمائی کیلئے کیریئر کاؤنسلنگ کے باقاعدہ آغاز کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کیلئے کلاس روم آبزرویشنز، مؤثر فالو اپ سسٹم اور مثبت ڈسپلن کے فروغ پر زور دیا، جبکہ سکول میں لیڈرشپ کلچر کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کی۔ مزید برآں، ایکسٹرا کریکولر سرگرمیوں اور سپورٹس پروگرامز کو تعلیمی نظام کا لازمی حصہ بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

کمشنر کا کہنا تھا کہ ملتان پبلک سکول کو ایک ماڈرن اور معیاری تعلیمی ادارہ بنانے کیلئے اصلاحاتی عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش اور معروف کاروباری شخصیت حسین فضل بھی شریک تھے۔