ملتان،31 مارچ (اے پی پی ):محکمانہ ترقی کے لیے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے ملازمین کی یونیورسٹی آف ساؤتھ پنجاب سے ٹریننگ مکمل کر لی گئی۔ ٹریننگ مکمل کرنے والے ملازمین میں محمد یامین، محمود الحسن، ظفر حسنین گیلانی اور وسیم انجم شامل ہیں۔
ریکٹر یونیورسٹی آف ساؤتھ پنجاب پروفیسر محمد مختار وفد کے ہمراہ ایم ڈی اے آفس پہنچے جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹریننگ مکمل کرنے والے ملازمین میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین نے کہا کہ ٹریننگ پروگرامز ملازمین کی کارکردگی میں بہتری اور ان کی شخصیت میں نکھار پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیپارٹمنٹل امتحانات اور تربیتی پروگرامز ملازمین کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اچھی شہرت کے حامل ادارے سے ٹریننگ حاصل کرنے سے ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
بعد ازاں یونیورسٹی آف ساؤتھ پنجاب کے وفد کی جانب سے ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔











