اسلام آباد،31مارچ (اے پی پی ):سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی عملے کے اعزاز میں سالانہ ایوارڈ تقریب منعقد ہوئی، جس کے دوران متعدد اہم معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
تقریب کے دوران دو اہم دستاویزات پر دستخط ہوئے جن میں سی پیک کی 14ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی) اجلاس کے منٹس اور چین کی وزارتِ ماحولیات و ماحولیاتیات کی جانب سے پاکستان کی وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کو سولر ہوم سسٹمز، انٹیلیجنٹ گراؤنڈ میٹرولوجیکل آبزرویشن اسٹیشن اور انٹیگریٹڈ کلاؤڈ بیسڈ ابتدائی وارننگ سسٹم کی فراہمی سے متعلق ایکسیپٹنس سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔ یہ اقدامات چین۔پاکستان ساؤتھ تعاون برائے ماحولیاتی تبدیلی کے تحت عمل میں لائے گئے۔
تقریب میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا، جو دونوں ممالک کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔
بعد ازاں تقریب کے اختتامی مرحلے میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال اور چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی اور چینی عملے میں ایوارڈز تقسیم کیے اور سی پیک منصوبوں کی کامیابی میں ان کی خدمات کو سراہا۔











