اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے کوششیں بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لیے ملازمت، تعلیم، تکنیکی تربیت اور دیگر مواقع فراہم کرنا حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں چیئرمین یوتھ پروگرام نے وزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے کوششوں میں مزید اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہماری قوم کا مستقبل ہیں، انہیں ملازمت، تعلیم، تکنیکی تربیت اور دیگر مواقع فراہم کرنا حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ہم نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ میں بہترین افرادی قوت کے طور پر متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔











