وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری سے کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات

21

اسلام آباد, 08 اپریل )اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری سے کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری پر تبادلۂ خیال ہوا۔

کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے کہا کہ امریکہ۔ایران کشیدگی میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہیں،جنگ بندی کے فروغ اور سفارتی پیشرفت میں مثبت کردار ادا کرنے پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔طارق علی خان نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے کینیڈا کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پچھلے سال پاکستان کے انرجی مکس میں 55 فیصد حصہ صاف توانائی پر مشتمل تھا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ حکومت بجلی کے شعبے کو غیر متوقع حالات سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے

پن بجلی کے فروغ سے سستی اور پائیدار توانائی کے حصول کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ درآمدی کوئلے پر انحصار کم اور مقامی کوئلے کے استعمال پر غور جاری ہے۔پاور پلانٹس کی مقامی کوئلے پر منتقلی سے متعلق ماحولیاتی مطالعہ تکمیل کے قریب ہے ۔

وفاقی وزیراویس لغاری نے کہا کہ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کے فروغ اور نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے،  سولر پینلز کی باقیات کے ماحول دوست تصرف کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

کینیڈین ہائی کمشنرنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برقی گاڑیوں کی بیٹریز کے محفوظ تصرف کے لیے پیشگی منصوبہ بندی بھی اہم ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ٹائم آف یوز ٹیرف کے نفاذ سے بجلی کے مؤثر استعمال کو فروغ ملے گا، صنعتی صارفین کو بجلی کے اضافی استعمال پر سستا نرخ ملے گا۔حکومت غیر ضروری منصوبوں سے دستبردار، کم لاگت حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ کینیڈین کمپنی جے سی ایم کی پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی اور

پاکستان میں مسابقتی بجلی منڈی اور ٹرانسمیشن میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر پاکستان اور کینیڈا کے درمیان توانائی شعبے میں تکنیکی سطح پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اویس لغاری نے  کہا کہ کینیڈا میں عالمی توانائی نمائش پاکستانی ماہرین کے لیے اہم موقع قراردی گئی۔ٹیکنالوجی کے تبادلے سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔