ملتان،08 اپریل (اے پی پی ): کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت واسا کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرامکے تحت جاری منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبوں کی پیشرفت، ڈیزائن اور تکمیل کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر کو منصوبوں کے مختلف پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبوں کے ڈیزائن کو مزید بہتر بنایا جائے اور ان کی اصل پیشرفت کو واضح انداز میں پیش کیا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام منصوبہ جاتی کمپوننٹس کو عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بیک وقت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اراضی کے حصول کے عمل میں سستی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لینڈ ایکوزیشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کی تکمیل میں سیفٹی انتظامات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، جبکہ کھلے کھڈوں کی مسلسل مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو متعلقہ منصوبوں پر مکمل بریفنگ دی جائے اور ہر حلقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے تمام منصوبوں کے لیے واضح ٹائم لائن دینے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے روڈ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچتا ہے، لہٰذا مؤثر نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ منصوبوں کی پیشرفت کی باقاعدہ رپورٹنگ کو یقینی بنائیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ واسا کے تحت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے 25 ارب 80 کروڑ روپے مالیت کے 6 بڑے منصوبے ملتان میں جاری ہیں، جن میں سیوریج سسٹمز، ڈسپوزل اسٹیشنز اور غیر سروسڈ علاقوں کی بہتری کے منصوبے شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت 232 کلومیٹر سیوریج لائنز کی تنصیب و تبدیلی، 168 کلومیٹر سڑکوں اور پیومنٹس کی تعمیر، جبکہ 33 ہزار سے زائد مین ہول کورز کی تنصیب شامل ہے۔
مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 88 پمپس، 40 ٹرانسفارمرز اور 40 سے زائد جنریٹرز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ جدید مشینری میں ڈی سلٹنگ، ڈی واٹرنگ سیٹس اور ایکسکیویٹرز بھی شامل ہیں۔ منصوبے کا آغاز فروری 2026 میں کیا گیا اور اس کی تکمیل دسمبر 2027 تک متوقع ہے، جبکہ جون 2026 تک 3 ارب 20 کروڑ روپے اور دسمبر 2027 تک مکمل فنڈنگ دستیاب ہوگی۔
اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ منصوبے کی مالی پیشرفت 11 فیصد جبکہ فزیکل پیشرفت 12 فیصد تک پہنچ چکی ہے، اور شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائن بچھانے کا کام جاری ہے، جس میں جہانگیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں نئے سیوریج سسٹم کی تنصیب بھی شامل ہے۔











