ملتان: پٹرول بحران کے پیش نظر حکومتِ پنجاب کا جزوی لاک ڈاؤن پر سختی کا فیصلہ

14

ملتان 10 اپریل )اے پی پی): پٹرول بحران کے پیش نظر حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر ملتان میں جزوی لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کہ اوقات کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں۔تاجر برادری کو رات 8 بجے تک تمام دکانیں، پلازے اور شاپنگ مالز بند کرنے کا الٹی میٹم دے دیا گیا جبکہ شادی ہالز، مارکیز، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو رات 10 بجے تک مکمل بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نجی تقریبات اور دیگر فنکشنز پر پابندی عائد ہوگی اور مقررہ اوقات کی سختی سے پابندی لازمی ہوگی۔تاہم بیکریوں، میڈیکل سٹورز، کلینکس، لیبارٹریز، تندوروں اور دودھ و ڈیری شاپس کو جزوی استثنیٰ دیا گیا ہےجبکہ پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کو بھی لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ آج سے لاک ڈاؤن اوقات کی خلاف ورزی پر فوری مقدمات درج اور گرفتاریاں شروع کی جائیں گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی کفایت شعاری مہم میں بھرپور تعاون کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔