لاہور، 10 اپریل (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ذیشان بشیر رانا نے ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ادارے کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کیلئے اصلاحات اور ری اسٹرکچرنگ کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ادارے کو اپنا حقیقی کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے ادارے کی ویب سائٹ اور پورٹل کو مزید بہتر بنانے اور سپیشل اکنامک زونز میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات کی مؤثر مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی مراکز میں صنعتکاروں کی سہولت کیلئے پہلی بار بینکوں کی برانچیں قائم کی جا رہی ہیں۔
مزید برآں فیصل آباد میں 50 ایکڑ رقبے پر ایکسپو سینٹر کی تعمیر اسی سال شروع ہونے کا امکان ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ویوو موبائل فون اور چپ فریم کی مینوفیکچرنگ جلد شروع ہونے جا رہی ہے، جبکہ رحیم یار خان میں ایئرپورٹ کو آپریشنل کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے جاری ہیں، جس سے وہاں کے صنعتی مرکز میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز معاشی ترقی کے انجن ہیں جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔
اجلاس میں پنجاب چیمبرز آف کامرس اینڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے کیلئے بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد، ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔











