پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات، چوہدری شافع حسین سے گلوبل ٹریڈ اینڈ ایکسپو سینٹر کے چیئرمین کی ملاقات

8

لاہور، 11 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے گلوبل ٹریڈ اینڈ ایکسپو سینٹر پاکستان کے چیئرمین مظہر حسین نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تجارتی مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران مظہر حسین نے ادارے کی معاشی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گلوبل ٹریڈ اینڈ ایکسپو سینٹر پاکستان اور امریکہ کے بروکلین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پایا ہے، جس پر صوبائی وزیر نے مبارکباد دی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں، جن میں 10 سال تک انکم ٹیکس میں چھوٹ اور ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ گلوبل ٹریڈ اینڈ ایکسپو سینٹر عالمی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں دستیاب مواقع سے آگاہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ سازگار پالیسیوں کے باعث صوبے میں صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے اور نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں، جبکہ سیالکوٹ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ اس موقع پر مظہر حسین نے کہا کہ صوبائی وزیر کی کاوشوں سے پنجاب میں اربوں روپے کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ہے۔ ملاقات میں متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔