پشاور، 13 اپریل (اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقی خطرہ بن چکی ہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات اور مؤثر پالیسی سازی کی فوری ضرورت ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ڈائس فورم (DICE Forum) کے زیر اہتمام موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا اگرچہ قدرتی حسن، پہاڑوں اور دریاؤں سے مالا مال ہے، لیکن یہ خطہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کی زد میں ہے، جس سے زراعت، آبی وسائل، انفراسٹرکچر اور عوامی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے اہم مسائل پر مکالمے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی اثرات ملک بھر خصوصاً اس صوبے میں واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں جن کا تدارک ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔











