ملتان میں لینڈ ریکارڈ سسٹم کی بڑی ڈیجیٹائزیشن مہم، ہزاروں میوٹیشن اور کھیوٹ مسائل کے حل کیلئے اقدامات تیز

13

ملتان، 20 اپریل (اے پی پی):   ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اکرام الحق نے ملتان کا دورہ کیا جہاں کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق سمیت ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مواضعات کی ڈیجیٹالائزیشن، کھیوٹ اور میوٹیشن سے متعلق مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی اکرام الحق نے بتایا کہ صوبے بھر میں 25 ہزار سے زائد کھیوٹ ایشوز جبکہ 1 لاکھ 82 ہزار سے زائد میوٹیشن اور 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد مسنگ میوٹیشن کے مسائل موجود ہیں، جن کے حل کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوئر کورٹ مینجمنٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت مقدمات کا مکمل ریکارڈ آن لائن دستیاب ہوگا، جبکہ ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے افسران کو سنٹرل ڈیش بورڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ مزید برآں، موقع ملاحظہ کیلئے ڈرون ٹیمیں بھی ڈویژن سطح پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈی جی نے بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز مینجمنٹ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے جس میں ایم ڈی اے اور دیگر ادارے شامل ہوں گے، جبکہ پراپرٹی کی شفاف خرید و فروخت کیلئے پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم بھی لانچ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں کو جلد 100 فیصد ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔

اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے ڈویژن کے تمام مواضعات کی جلد ڈیجیٹائزیشن کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان میں 77 ہزار سے زائد مسنگ میوٹیشن ایک بڑا چیلنج ہے جس کے حل کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ گمشدہ ریکارڈ کی برآمدگی اور میوٹیشن مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

کمشنر نے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ پروگرام کے جلد آغاز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کو مصدقہ ملکیت کی فراہمی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایل آر اے اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر کوارڈینیشن کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ریونیو اہداف اور ریکارڈ سنٹرز کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ بھی دی۔