ملتان، 20 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ گلی محلوں میں پیدل چل کر صفائی آپریشن کا جائزہ لیتے رہے۔
ڈپٹی کمشنر نے دورے کے دوران شہریوں سے ملاقات بھی کی اور صفائی کے انتظامات پر ان سے براہِ راست فیڈبیک حاصل کیا۔ ویسٹ مینجمنٹ حکام نے انہیں جاری صفائی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔
محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ مثالی صفائی کے لیے اضافی مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خالی پلاٹوں سے ملبہ اور کوڑا کرکٹ فوری طور پر صاف کیا جائے، جبکہ صفائی کے نظام میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔











