وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا کی ملاقات

12

اسلام آباد، 20 اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا سے ملاقات کی،جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات،تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایتھوپین سفیر نے اعلان کیا کہ ایتھوپیا اسلام آباد میں سنگل کنٹری نمائش کا انعقاد کرے گا،جبکہ ایتھوپین ایئرلائن کی جانب سے کراچی کے بعد لاہور کے لیے بھی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا عندیہ دیا گیا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں ملٹی کنٹری بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ ان اقدامات سے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت،سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے زراعت، انجینئرنگ اور ٹریکٹر سازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان شعبوں میں افریقی ممالک،خصوصاً ایتھوپیا، کی معاونت کر سکتا ہے۔

ملاقات میں کاسمیٹکس اور پرسنل کیئر انڈسٹری میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ براہ راست بحری روابط کے فروغ اور ٹرانزٹ وقت میں کمی کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ براہ راست بحری روابط سے ترسیل کا وقت نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان سیاحت کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ تعلیم، مہارت اور انسانی وسائل کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے سیالکوٹ کو نجی شعبے کی کامیاب صنعتی ترقی کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ماڈل کو دیگر ممالک میں بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔

دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔