ملتان،20 اپریل (اے پی پی ): کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت”مادرِ علمی سے رابطہ فیز تھری “ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور سی ای او ایجوکیشن نے بریفنگ دی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ” مادرِ علمی سے رابطہ“ پروگرام کا مقصد سرکاری سکولوں کے سابق طلبہ کو اپنی مادرِ علمی کی معاونت کیلئے متحرک کرنا ہے۔ اس اقدام کے تحت مخیر سابق طلبہ سے رابطے کرکے سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
بریفنگ کے مطابق ملتان ڈویژن میں 2063 صاحب حیثیت سابق طلبہ کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 1273 افراد سے رابطہ ہوا جبکہ 417 افراد نے مثبت ردعمل دیا۔ ان روابط کے نتیجے میں 226.8 ملین روپے کی لاگت سے 258 ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کیا گیا۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ بہترین نتائج کیلئے انتظامی افسران خود صاحب حیثیت سابق طلبہ سے رابطے کریں اور تینوں فیزز کا ڈیٹا یکجا کرکے پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کالجز سیکٹر میں بھی ” مادرِ علمی سے رابطہ“ ماڈل کا فیز تھری نافذ کرنے کی ہدایت کی۔











